وفاقی وزیر مخدوم خسروبختیار کی عالمی بینک کے دفتر کے دورہ کے موقع پر گفتگو

107
APP86-16 ISLAMABAD: November 16 - Federal Minister for planning Development & Reform Makhdum Khusro Bakhtyar during his meeting to World Bank country office. APP

اسلام آباد۔ 16 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسروبختیار نے کہا ہے کہ حکومت نے ڈھانچہ جاتی اصلاحات لانے اور ٹھوس اقتصادی پالیسیاں وضع کرنے کا عزم کر رکھا ہے تاکہ ملک کو مسلسل ترقی کی طرف گامزن کیا جا سکے اور اقتصادی ترقی کے ثمرات اور اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں اسلام آباد میں عالمی بینک کے دفتر کے دورہ میں کہی جہاں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پچا تھومو ایلن گورن نے وفاقی وزیر منصوبندی و ترقی مخدوم خسرو بختیار کا استقبال کیا۔ وفاقی وزیر کے ہمراہ سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن اور وزارت کے اعلیٰ حکام بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عام آدمی کے معیار زندگی میں بہتری پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور اس ضمن میں عوامی فلاح و بہبود پر مبنی پالیسیوں اور فلاحی اقدامات و شروعات پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ موجودہ حکومت زرعی شعبہ کی مضبوطی کے لئے کام کر رہی ہے کیونکہ پاکستان کی 65 فیصد سے زائد آبادی کا انحصار زراعت پر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ غربت میں کمی لانے کے لئے زراعت پر مبنی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی سہولت کے لئے مارکیٹنگ پلیٹ فارمز بنائے جائیں گے جہاں پر وہ کسی الجھن کے بغیر اپنی مصنوعات باآسانی فروخت کر سکیں گے جس سے چھوٹے زمینداروں کو فائدہ پہنچے گا اور دیہی معاشی سرگرمیاں بہتر ہوں گی۔