اسلام آباد ۔ 21 نومبر (اے پی پی) الفیو ٹیم آٹو موٹیو پاکستان (اے ایف اے پی ایل)ملک میں رینالٹ گاڑیاں تیار کرنے کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ گرین فیلڈ فیکٹری قائم کرنے پر300 ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرے گی۔ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ( ای ڈی بی) کے حکام نے کہا ہے کہ آٹو موٹیو ڈویلپمنٹ پالیسی(2016-21) کے تحت کی جانے والی اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی نے فیکٹری سے قبل ای ڈی بی سے اس حوالے سے مراعات کی تصدیق کیلئے رابطہ کیا ہے۔ اے ایف اے پی ایل رینالٹ گاڑیوں کی پاکستان میں تیاری کیلئے سوفیصد براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کررہی ہے جس سے ملک میں1200 سے زائد روزگار کے براہ راست مواقع پیدا ہونگے جبکہ16 ہزار سے زائد افراد کو بالواسطہ روزگار فراہم کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیکٹری کے قیام سے ملک میں گاڑیوں کی تیاری کے حوالے سے ٹیکنالوجی کی منتقلی سے شعبہ کی ترقی میں مدد ملے گی۔