پبلک سیکٹر کی 10 بڑی کمپنیوں کے منافع میں بتدریج کمی، تین سال میں 698.6 ارب روپے خالص منافع کمایا، رپورٹ

75

اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اے پی پی) مالی سال 2014ءسے 2016ءمیں تین سال کے دوران منافع کمانے والی 10 بڑی سرکاری کمپنیوں (پی ایس سیز) نے مجموعی طور پر 698.6 ارب روپے کا خالص منافع کمایا ہے۔ وزارت خزانہ کے ”ایس اوپیز پرفارمنس ریویو“ کے مطابق گزشتہ تین سال کے دوران پبلک سیکٹرکی 10 بڑی کمپنیوں کے منافع میں بتدریج کمی واقع ہوئی ہے اور ان کا خالص منافع مالی سال 2014ءکے دوران 321.1 ارب روپے رہا تھا جو اس سے اگلے مالی سال یعنی 2015ءکے دوران 113.1 ارب روپے کی کمی سے 208 ارب روپے کی سطح تک کم ہو گیا اور مزید برآں مالی سال 2016ءکے دوران منافع کمانے والی 10 بڑی حکومتی کمپنیوں کے منافع میں 38.5 ارب روپے کی مزید کمی سے ان کا خالص نفع 169.5 ارب روپے تک کم ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق صرف دو سال کے قلیل عرصہ کے دوران حکومت کی سرپرستی میں کام کرنے والی 10 بڑی کمپنیوں کے خالص منافع میں 151.6 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دوسری جانب یہ کمپنیاں ایک بہت بڑی افردی قوت کے روزگار کا بھی سبب بن رہی ہیں۔ مالی سال 2014ءکے دوران ان 10 بڑی سرکاری کمرشل کمپنیوں کے ملازمین کی تعداد 98ہزار 723 تھی جو آئندہ مالی سال 2015ءکے دوران 95 ہزار 890 جبکہ مالی سال 2016ءکے دوران 57 ہزار 512 رہی ہے۔