لاہور۔7 جنوری(اے پی پی ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں چین کی کمپنی ہواننگ شینڈونگ رویائی کے صدر وینگ ژو کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں اورچین نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی پاکستان میں …
وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے چین کی کمپنی ہواننگ شینڈونگ رویائی کے صدر وینگ ژوکی قیادت میں وفدکی ملاقات

مزید خبریں
لاہور۔7 جنوری(اے پی پی ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں چین کی کمپنی ہواننگ شینڈونگ رویائی کے صدر وینگ ژو کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں اورچین نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور پنجاب میں چین کے تعاون سے کئی منصوبے کامیابی سے چل رہے ہیںجبکہ سی پیک سے سرمایہ کاری کو نئی جہت ملی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاروں کےلئے بہترین مواقع موجو د ہیں، چینی کمپنی پنجاب میں مزید سرمایہ کاری کرے، حکومت ضروری سہولتیں مہیا کرےگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ توانائی کے سا تھ دیگر شعبوں میں بھی چینی کمپنی کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے چین کے نئے سال کی آمد پر چینی وفد کے اراکین کو مبارکباد دی ۔ چین کی کمپنی ہواننگ شینڈونگ رویائی کے صدر وینگ ژونے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہواننگ شینڈونگ گروپ پنجاب میں اپنا دفتر قائم کرےگا۔ دفترکے قیام سے نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے ساتھ ٹیکسٹائل او ر دیگر شعبوں میں بھی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔ چینی کمپنی کے صدر نے اپنے ادارے کی کارکردگی اور منصوبوں کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریف کیا۔ چینی وفد کی جانب سے وزیراعلیٰ کو شینڈونگ کے دورے کے دعوت بھی دی گئی۔ نائب صدر ہواننگ شینڈونگ لیوجی‘چیف ایگزیکٹو آفیسر ساہیوال کول پاور پلانٹ سانگ تاجی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر رویائی گروپ لی ایائیونگ وفد میں شامل تھے۔ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری توانائی، ایم ڈی پنجاب پاور ڈویلپمنٹ بورڈ اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔








