نیب کوگزشتہ سال 44315 شکایات موصول ہوئیں، 1713 شکایات کی جانچ پڑتال‘ 877 انکوائریوں اور 227 انوسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی، نیب کی سالانہ کارکردگی رپورٹ

اسلام آباد ۔ 9 جنوری (اے پی پی) قومی احتساب بیورو ( نیب) کو چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال کی قیادت میں گزشتہ ایک سال کے دوران 44315 شکایات موصول ہوئی ہیں، 1713 شکایات کی جانچ پڑتال، 877 انکوائریوں اور 227 انوسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی ہے جبکہ اس عرصہ کے دوران نیب نے 503 ملزموں کو گرفتار کیا ہے اور بدعنوان عناصر سے لوٹے گئے 2580 ملین روپے وصول …

اسلام آباد ۔ 9 جنوری (اے پی پی) قومی احتساب بیورو ( نیب) کو چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال کی قیادت میں گزشتہ ایک سال کے دوران 44315 شکایات موصول ہوئی ہیں، 1713 شکایات کی جانچ پڑتال، 877 انکوائریوں اور 227 انوسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی ہے جبکہ اس عرصہ کے دوران نیب نے 503 ملزموں کو گرفتار کیا ہے اور بدعنوان عناصر سے لوٹے گئے 2580 ملین روپے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں، نیب نے گزشتہ ایک سال کے دوران قانون کے مطابق بدعنوانی کے 440 ریفرنس متعلقہ احتساب عدالتوں میں دائر کئے ہیں۔ نیب کی جانب سے جاری کی گئی گزشتہ ایک سال کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق وصول کی گئی رقم متاثرین اور کئی سرکاری اداروں کو واپس کی گئی ہے، نیب کے ایگزیکٹو بورڈز کے کئی اجلاس ہوئے جس میں مختلف اہم فیصلے کئے گئے۔ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے جو کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ نیب ”احتساب سب کےلئے“ کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کےلئے پرعزم ہے۔ انسداد بدعنوانی کا سب سے بڑی ادارہ ہونے کے ناطے نیب آج سارک ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کی کارکردگی کی پلڈاٹ‘ مشعال سمیت معتبر بین الاقوامی اور قومی اداروں نے تعریف کی ہے۔ نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 297 ارب روپے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں جوکہ کسی بھی انسداد بدعنوانی کے ادارے کی بہترین کارکردگی ہے جبکہ نیب کے مقدمات میں سزا کی شرح تقریباً 70 فیصد ہے۔ نیب واحد ادارہ ہے جس کے مقدمات میں سزا کی شرح مثالی ہے۔