اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز میں ”خواتین کا سیاست میں کردار“ کے موضوع پر ورکشاپ سے خطاب

اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ ایوان میں پچھلی نشستوں پر بیٹھے ارکان اسمبلی کو پارلیمانی کارروائی میں بھرپور حصہ لینے کایکساں موقع فراہم کرنے کے لیے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران” بیک بینچرزڈے“ مختص کیا جائے گا، خواتین اراکین کا قانون سازی کے عمل اور پارلیمان کی دیگر کارروائی میں کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے ان خیالات …

اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ ایوان میں پچھلی نشستوں پر بیٹھے ارکان اسمبلی کو پارلیمانی کارروائی میں بھرپور حصہ لینے کایکساں موقع فراہم کرنے کے لیے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران” بیک بینچرزڈے“ مختص کیا جائے گا، خواتین اراکین کا قانون سازی کے عمل اور پارلیمان کی دیگر کارروائی میں کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز میں ”خواتین کے سیاست میں کردار“ کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسپیکرنے کہا کہ موجودہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور سیاست میں ان کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے اور پارلیمان میں چونسٹھ فیصد خواتین کی بطورِ پارلیمانی سیکرٹریزتعیناتی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں بحثیت اسپیکر خواتین سے متعلقہ قابل قدر قانون سازی کروائی جس میں خواتین رکن نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔اس کے علاوہ خواتین کے لیے یونیورسٹی ، کالج ، اسکول اور ٹیکنیکل تربیت گاہوں سے خواتین میں نا صرف شعور بیدار ہوا ہے بلکہ انہوں نے ملک کی ترقی میں اپنی سطح پر گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔انہوں نے خواتین کو قانون سازی کے عمل اور ایوان کی کاروائی میں بھرپور حصہ لینے اور خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ایوان میں قانون سازی لانے کے لیے کہا۔ اسد قیصرنے ملک و قوم کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک ان کی خواتین بھی ملکی تعمیر و ترقی میں مردوں کے شانہ بشانہ شریک نہ ہوں۔ انہوں نے پارلیمان کی کاروائی میں خواتین کو مکمل تیاری کے ساتھ شرکت اور ملکی ترقی میں خواتین کی جرات مندانہ شمولیت کو سراہا۔ اس موقع پرخواتین اراکین نے اسپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایوان کی کاروائی میں ان کے غیر جانبدارانہ کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر اسد قیصر نے ہمیشہ خواتین کے کردار کی تعریف کی ہے اور قانون سازی میں حصہ لینے میں ان کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ انہوں نے اسپیکر کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے ایوان میں قانون سازی متعارف کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ورکشاپ میں سینیٹ، قومی اسمبلی،چاروں صوبائی اسمبلیوں کی خواتین اراکین ،قومی اسمبلی اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسزکے اعلی حکام نے شرکت کی۔

مزید خبریں