حکومت ملک سے کرپشن کے جڑ سے خاتمے کے لیے اہم اور ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے، افتخار درانی

140

اسلام آباد ۔ 2 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور افتخار درانی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک سے کرپشن کے جڑ سے خاتمے کے لیے اہم اور ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق بدعنوانی پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت تمام بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق احتساب کے عمل کو یقینی بنا رہی ہے اور کوئی بھی بدعنوان عنصر احتساب کے عمل سے بچ نہیں سکتا۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا کی گزشتہ حکومت کے دوران کوئی ایک بھی کرپشن کا سکینڈل سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت قومی دولت لوٹنے والوں سے رقم وصول کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں افتخار درانی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ایک ایماندار شخص ہیں اور یقین دہانی کرائی کہ وہ صوبے کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے ڈلیور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے درمیانے طبقے کے ایک قابل شخص عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کیا۔