پاکستان مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے سیاسی اور سفارتی کوششوں میں تیزی لائے گا،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

56

سرینگر ۔ 4 فروری (اے پی پی) مقبوضہ کشمےر مےںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے کہاہے کہ پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جو نہ صرف کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کی کھل کرحمایت کرتا ہے، بلکہ وہ ان کی سیاسی ،سفارتی اوراخلاقی سطح پرحمایت بھی جاری رکھے ہوئے ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفون پرگفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا کے نقشے پر پاکستان کے نام سے ایک ایسی مملکت موجودہے جس نے مسلمانوں کو فرقہ پرستوں کے رحم وکرم پر رہنے کے بجائے ایک ٹھکانا فراہم کیا اور انہیں سر اٹھاکر جینے کا حوصلہ بخشا۔ پاکستان کی سا لمیت اور استحکام کےلئے دُعا کرتے ہوئے سیدعلی گیلانی نے کہا کہ کشمیری قوم کےلئے بھی پاکستان کی اہمیت اور افادیت کسی بھی طور کم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کےلئے ایک مضبوط پاکستان اولین ضرورت ہے اور اس لیے ہر کشمیر ی پاکستان سے محبت کرتا ہے اور اس کے استحکام کےلئے دُعا کرتا ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہے اور اس دیرینہ تنازعہ کا حتمی حل پاکستان کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں، لہٰذاپاکستان کو جرا¿ت اور حوصلے کے ساتھ اپنا موقف آگے بڑھانے کی ضرورت ہے اور اس میں کسی قسم کی کمزوری کا مظاہرہ نہیں کیا جانا چاہیے۔ سیدعلی گیلانی نے کہا کہ دنیابھر میںموجود پاکستانی سفارت خانوں کو مسئلہ کشمیرکے حوالے سے مزید فعال اور متحرک کیا جانا چاہیے تاکہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوںکو بین الاقوامی فورموں اور عالمی برادری کے سامنے اجاگر کیاجاسکے ۔انہوں نے کہا کہ بیشتر حریت قائدین کو جیلوں اور گھروں میں محصور کردیا گیا ہے اور انہیں کسی سے بھی ملنے کی اجات نہیں ہے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان جدوجہد آزادی کشمیر کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر راہ عامہ ہموار کرے اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم کو اجاگر کرے ۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کےلئے اس کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت بھی ناگزیر ہے ۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیدعلی گیلانی کو یقین دلایا کہ حکومت پاکستان بھارت کی جارحیت اور کشمیری عوام کے خلاف ظلم وجبر اور بربریت کے خلاف اپنی موثر آواز بلند کرتی رہے گی ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان ہمیشہ کشمیر کے مظلوم عوام کی حق خود ارادیت کی تحریک کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی سطح پر اپنی حمایت جاری رکھے گا اور اس مسئلے کو اقوامِ متحدہ کی منظور کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنی سیاسی اور سفارتی کوششوں میں تیزی لائے گا۔