بیجنگ۔ 5 فروری (اے پی پی) چین کے صدر شی جن پنگ نے اپنے سوڈانی ہم منصب عمر حسن احمد البشیر کے ساتھ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ کے موقع پرتہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا۔ شی جن پنگ نے کہا کہ سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد فریقین کے مابین تعلقات مستحکم اور مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نمایاں ثمرات حاصل ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ چین سوڈان تعلقات کو بڑی اہمیت دیتے ہیں اور دی بیلٹ اینڈ روڈ کے ڈھانچے کے تحت تعاون کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کو تیار ہیں۔ چینی صدر نے کہا کہ چین افریقہ تعاون فورم کی بیجنگ کانفرنس کے ثمرات پر عمل کیاجائے گا اور چین سوڈان اسٹریٹیجک اور شراکت داری تعلقات کو مسلسل آگے بڑھایا جائے گا۔سوڈان کے صدرالبشیر نے کہا کہ سوڈان چین کے ساتھ دوستی اور تعاون کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے اور دی بیلٹ اینڈ روڈ کی تعمیر میں مثبت طور پر حصہ لے گا۔