33.8 C
Islamabad
پیر, مئی 12, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واﺅڈا کی ایک نجی ٹی وی...

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واﺅڈا کی ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

- Advertisement -

اسلام آباد ۔ 5 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واﺅڈا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے اہم اور ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے، موجودہ حکومت بالکل درست سمت پر گامزن ہے اور آنے والے دنوں میں اقتصادی اشاریے مثبت نظر آئیں گے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کا بچہ بچہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومتوں کی بدعنوانیوں کے بارے میں جانتا ہے،پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے اپنی گزشتہ حکومتوں کے دوران قومی دولت کو لوٹا اور بیرونی ممالک سے بے جا قرض لیکر بیکار منصوبوں پر خرچ کیا جس کا کوئی جواز ہی نہیں بنتا۔ انہوں نے کہا کہ سرکلر ڈیبٹ کی ذمہ دار پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومت ہے جس کے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی گیس کے شعبے میں بھی 157 ارب کا خسارہ چھوڑ کر گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے اہم اور ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ موجودہ حکومت بالکل درست سمت پر گامزن ہے اور آنے والے دنوں میں اقتصادی اشاریے مثبت نظر آئیں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ 35 سال کی مشکلات کا ازالہ مختصر وقت میں نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص جو کرپشن میں ملوث پایا گیا پی ٹی آئی کی حکومت اسے ملکی قانون کے مطابق سزا دے گی۔ فیصل واﺅڈا کا کہنا تھا کہ ہم پرعزم ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کی متحرک اور ولولہ انگیز قیادت کے تحت قومی دولت لوٹنے والوں کا احتساب کریں گے اور ان سے لوٹی ہوئی قومی دولت وصول کریں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=133123

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں