وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی سینئر قیادت کے اجلاس کے بعد ویڈیو بیان

92

اسلام آباد ۔ 6 فروری (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر قیادت نے پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی (پی اے سی )میں شہباز شریف کے کردار پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف اورپی ایم ایل (این) پی اے سی کوبدعنوانی کے کیسز کے خلاف ایک ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں ‘ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں این آر او ممکن نہیں ‘کسی سے ڈیل ہوگی اور نہ ڈھیل دی جائے گی ‘بدعنوانی کے کیسز کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ بدھ کی شب وزیراعظم کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس کے بعد اپنے ویڈیو بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی سینئر قیادت کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کی عمومی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی سینئر قیادت نے پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی (پی اے سی )میں شہباز شریف کے کردار پر شدید تشویش کا اظہار کیا ‘ پی اے سی کاچیئرمین بننے کے بعد جس طریقے سے نیب کو طلب کیا گیا اوردباﺅ ڈالا گیا اس سے یہ واضح ہے کہ شہباز شریف اورپی ایم ایل این پی اے سی کو بدعنوانی کے خلاف ایک ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں تا ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ کسی سے ڈیل ہوگی اور نہ ڈھیل دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف نے 22سال کرپشن کے خلاف جدوجہد کی ہے ‘یہ ان کی ذاتی لڑائی نہیں تھی بلکہ پاکستان کے عوام کی خاطر یہ لڑائی لڑی گئی اور اب یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ این آر او ہورہا ہے اس پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں این آر او ممکن ہی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بات ناقابل قبول ہے کہ سعد رفیق پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے ممبر بن جائیں تا کہ انھیں بھی پی اے سی کی ڈھال میسر آسکے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی باتوں سے یہ ثابت ہوتا کہ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے ۔