عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،قاسم خان سوری

81

اسلام آباد ۔ 19 فروری (اے پی پی) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کےلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کنٹونمنٹ بورڈ کوئٹہ کے ایگزیکٹو آفیسر ظفر محمود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو پارلیمنٹ ہاو¿س میں ڈپٹی سپیکر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کوئٹہ کنٹونمنٹ بورڈ کی تزئین و آرائش، صفائی کے انتظامات اور جائیداد کی منتقلی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی سپیکر نے ایگزیکٹو آفیسر کوئٹہ کنٹونمنٹ بورڈ کے رہائشیوں کو درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کرنے اور کنٹونمنٹ ایریا میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس مقصد کے حصول کےلئے خطیر فنڈز مختص کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ایگزیکٹو کنٹونمنٹ کوئٹہ کو کنٹونمنٹ ایریا میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہو ں نے کنٹونمنٹ ایریا کے عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔