قومی معیشت کی بحالی کےلئے کئے گئے حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج ظاہر ہو رہے ہیں، وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی ٹویٹ

100

اسلام آباد ۔ 22 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ قومی معیشت کی بحالی کےلئے کئے گئے حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج ظاہر ہو رہے ہیں اور ملک کا کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ (حسابات جاریہ کے خسارہ) اس بات کی عکاسی کرتاہے۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈیفالٹ کے قریب پہنچی ملکی معیشت کی بحالی کے لئے حکومت کے فیصلہ کن اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ جنوری کے دوران حسابات جاریہ کے خسارے میں گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 54 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں جولائی تا جنوری کے دوران کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ میں 1.7 ارب ڈالر کمی واقع ہوئی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران ملک کے کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ میں 16.79 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کی تصدیق سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ میں بھی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جولائی تاجنوری 2018-19ءکے دوران کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ 8424 ملین ڈالر رہا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا جنوری 2017-18ءکے دوران حسابات جاریہ کا خسارہ 10ہزار 124 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس طرح اشیاءاور خدمات دونوں کے خسارہ میں 5.25 فیصد کمی سے خسارہ 20ہزار 796 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 19 ہزار 704 ملین ڈالر تک کم ہو گیا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے تناسب سے کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے کی شرح بھی رواں مالی کے دوران کم ہو کر 4.9 فیصد ہو گئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران جی ڈی پی کے مقابلہ میں کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے کی شرح 5.4 فیصد رہی تھی۔