اسلام آباد ۔ 27 فروری (اے پی پی) وزیر مملکت برائے موسمی تغیر زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور ہمیشہ اس نے خطے میں پائیدار امن کے لئے اقدامات اٹھائے جیسا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو تمام تصفیہ طلب مسائل مذاکرات کی میز پر حل کرنے کی ایک مرتبہ پھر دعوت دی ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں جوہری قوتیں ہیں اور انہیں امن کے لئے کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایک بصیرت آمیز رہنما ہیں، جو بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کر رہے ہیں اور زور دے رہے ہیں کہ تمام تصفیہ طلب مسائل بشمول مسئلہ کشمیر اور دہشتگردی کو مذاکرات کی میز پر حل کیا جائے لیکن بھارت نے اس سلسلے میں کوئی مثبت جواب نہیں دیا ہے۔ زرتاج گل نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے علاقائی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندرا مودی عام انتخابات جیتنے کے لئے گھٹیا حربے استعمال کر رہا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ بھارتی میڈیا موجودہ صورتحال میں اپنا منفی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان صورتحال معمول پر لانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ زرتاج گل نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بین الاقوامی مبصرین کا مقبوضہ کشمیر میں حقائق جاننے کے لئے تحقیقات کا خیرمقدم کیا ہے لیکن دوسری جانب بھارت غیرملکی مبصرین کو تحقیقات کی اجازت دینے کے لئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے جس کے لئے وہ کشمیری عوام پر بہیمانہ مظالم ڈھا رہا ہے اور کشمیری عوام کئی دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کی پرتشدد کارروائیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=136704