
اسلام آباد ۔ 4 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور نے پیر کو ہٹیاں بالا میں کنٹرول لائن متاثرین کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرین کی مکمل معاونت کرے گی، ایل او سی کے تمام متاثرین کو بے نظیر انکم سپورٹ کارڈر فراہم کئے جائیں گے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ حکومت ایل او سی پر رہائش پذیر خاندانوں کو انصاف صحت کارڈ بھی فراہم کرے گی۔ وفاقی وزیر نے متاثرین کےلئے قائم میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ میں متاثرین کو تمام طبی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے حکام کو متاثرین کو مزید بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت متاثرین کے تمام مالی نقصانات کا ازالہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی کے قریب موجود سڑکوں کی بحالی ترجیحی بنیاد پر کی جائے گی۔