وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی واصلاحات احسن اقبال کا پریس کانفرنس سے خطاب

166

اسلام آباد۔یکم اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی واصلاحات احسن اقبال نے کہاہے کہ پاکستان کو سیاسی دھرنوں کی نہیں بلکہ اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے، پہلے دو سال کے دوران ویژ ن 2025 ءکے مطلوبہ اہداف حاصل کرلئے ہیں،قوم کو 11 اگست کو دس سالہ پلان دیں گے،29 اگست کو سی پیک سمٹ منعقد ہوگی ،چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت ملک میں 10 ہزار 4 سو میگاواٹ بجلی کی پیداوار کے 14 منصوبے دسمبر 2018 ءتک مکمل کئے جائیں گے ، مغربی روٹ جون 2018 ءتک مکمل کر لیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیر کو پلاننگ کمیشن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ راہداری منصوبہ بلوچستان، خیبر پختونخوا اور ملک کی معاشی ترقی کا زینہ ہے‘ ملک میں امن وامان کی صورتحال میں بتدریج بہتری کے ساتھ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اس منصوبے کی بدولت بلوچستان میں نئی صنعتیں بنیں گی جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہونگے بلکہ یہاں کے لوگوں میں معاشی استحکام کی بدولت خوشحالی وبہتر معیار زندگی کی سہولیات میسر آئیں گی۔