وفاقی وزیر پٹرولیم ڈویژن غلام سرور خان کا سابق وزیر داخلہ کے خطاب پر ردعمل

82
سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن کی تمام جماعتوں کا شکست کا سامناکرنا پڑا ، غلام سرور خان
سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن کی تمام جماعتوں کا شکست کا سامناکرنا پڑا ، غلام سرور خان

اسلام آباد ۔ 11 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر پٹرولیم ڈویژن غلام سرور خان نے کہا ہے کہ چوہدری نثار علی خان تاریخی شکست کے بعد حواس کھو بیٹھے ہیں، حلف نہ اٹھانے پر انہیں صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے فارغ کیا جائے، عوامی خدمت کا جذبہ ہوتا تو صوبائی اسمبلی کا حلف اٹھالیتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی طرف سے روات میں تقریب سے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار الیکشن قومی خدمت کے جذبہ سے نہیں بلکہ ذاتی مفادات اور خود نمائی کےلئے لڑتے ہیں، اگر انہیں عوامی خدمت کا خیال ہوتا تو یہ خدمت صوبائی اسمبلی کے فورم سے بھی کی جاسکتی تھی۔ وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ چوہدری نثار نے اپنے بیان میں خود تسلیم کیا ہے کہ انتخابات سے قبل ان کی قیمت لگائی گئی، قیمت بکاو¿ مال کی ہی لگائی جاتی ہے، ان کا شکریہ کہ انہوں نے خود تسلیم کرکے ثبوت عوام کے سامنے پیش کردیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے پاکستان کے 22 کروڑ عوام کے مقبول ترین رہنما بن کے ابھرے ہیں اسی لئے آج پورا ملک عمران خان کی قیادت میں اتحاد و یگانگت کاعملی مظاہرہ کررہا ہے مگر یہ بات چند مسترد شدہ سیاستدانوں کو کسی طور ہضم نہیں ہو رہی اور یہ عمران خان کو بے جا تنقید کا نشانہ بنا کر اپنا قد اونچا کرنے کے چکر میں ہیں لیکن شاید وہ یہ بات بھول گئے ہیں کہ ان کو پاکستان کے عوام اور ایوان دونوں نے ٹھکرادیا ہے۔