سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا ملائیشیا کی جیلوں میں قید پاکستانی تارکین وطن کو قانونی امداد فراہم کرنے کے لیے اپنے ملائیشین ہم منصب محمد عارف کو خط ارسال

118

اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملائیشیا کی جیلوں میں قید پاکستانی تارکین وطن کو قانونی امداد فراہم کرنے کے لیے اپنے ملائیشین ہم منصب محمد عارف کو خط لکھ دیا ہے ، سپیکر نے خط میں لکھا ہے کہ پاکستانی تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد ملائیشیا میں کاروبار اور ملازمت کے سلسلے میں سکونت پزیر ہے،بد قسمتی سے ان تارکین میں سے کچھ معمولی نوعیت کے مقدمات میں ملائیشین جیلوں میں قید ہیں جن کی اکثریت ان مقدمات کی قانونی چارہ جوئی کرنے کے بھی قابل نہیں ہے۔انہوں نے ملائشین حکومت سے کہا ہے کہ وہاں کی جیلوں میں قید پاکستانی تارکین وطن کو قانونی امداد فراہم کی جائے ، دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون اور علیٰ سطحی رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔سپیکر کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان کا ملائیشیا کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان علیٰ سطحی وفود کے تبادلوں اور ایک دوسرے کے ساتھ آپریشنل سطح پر تعاون کو فروغ دینے کاواضح ثبوت ہے ،یہ ا نتہائی خوشی کی بات ہے کہ ملائشیاکے وزیر اعظم ڈاکٹرمہاتیر بن محمد پاکستان کی 23 مارچ کی پریڈ میں بطورِمہمان خصوصی شرکت کر رہے ہیں، ڈاکٹر مہاتیر بن محمدکا یوم پاکستان کے موقع پر دورہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی رابطے دونوں حکومتوں کی طرف سے تعلقات کو مزید فروغ دینے کی کوششوں کو تقویت دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،ملائیشین پارلیمنٹ کے ساتھ باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی قومی اسمبلی میں ایک خصوصی پارلیمانی گروپ تشکیل دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ دو طرفہ پارلیمانی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے ملائیشیا کے ہائوس آف ریپریزنٹیٹو میں بھی اسی نوعیت کا پارلیمانی گروپ تشکیل دیا جائے ۔