وزیراعظم عمران خان سے ان کے ملائیشیائی ہم منصب ڈاکٹر مہاتیر محمد کی وزیراعظم ہاﺅس میں ون ٹو ون ملاقات

114
APP83-22 ISLAMABAD: March 22 - Prime Minister Imran Khan in a meeting with Prime Minister of Malaysia Dr. Mahathir Bin Mohamad. APP

اسلام آباد ۔ 22 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان اور ان کے ملائیشیائی ہم منصب ڈاکٹر مہاتیر محمد نے جمعہ کو یہاں وزیراعظم ہاﺅس میں ون ٹو ون ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید تقویت دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دونوں رہنماﺅں نے عوامی سطح پر روابط کو تقویت دینے کے لئے موئثر اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ اپنی کاروباری برادری کی مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی حوصلہ افزائی کرنے پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان برادرانہ تعلقات استوار ہیں اور وہ آزمائش کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر مہاتیر محمد کو متاثر کن شخصیت قرار دیا جن کے وژن کی بدولت ملائیشیا ایک ترقی یافتہ اور جدید ملک بنا ہے۔ بعدازاں دونوں رہنماﺅں نے وفود کی سطح پر مذاکرات کئے جس میں تجارت، آٹو موبائل، زراعت، سیاحت، فوڈ پروسیسنگ بالخصوص حلال گوشت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کا احاطہ کیا گیا۔ پاکستانی وفد میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز ذوالفقار بخاری اور خارجہ سیکریٹری تہمینہ جنجوعہ شامل تھے۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے صحافیوں کو بتایا کہ وفود کی سطح پر مذاکرات میں دوطرفہ اہمیت کے تمام تر شعبہ جات بالخصوص قومی اقتصادیات کو نقصانات سے بچانے کیلئے معاشرہ میں انسداد بدعنوانی کے شعبہ کا احاطہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد نے وزیراعظم عمران خان کو بدعنوانی سے نبرد آزما ہونے کے بارے میں ایک کتاب تحفہ کے طور پر بھی پیش کی کیونکہ یہ دونوں رہنماﺅں کی دلچسپی کا موضوع ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ اجلاس میں پاکستان کی ملائیشیا کو اینٹی ٹینک میزائل کی برآمد کے بارے میں پہلے سے دستخط شدہ معاہدہ پر تیز تر عملدرآمد پر بھی زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا میں آئندہ ایوی ایشن نمائش میں پاکستان کے جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کے مظاہرے پر بھی اتفاق پایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ملائیشیا کے ساتھ سیاحت کے شعبہ میں اشتراک کار میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔