سمجھوتا ایکسپریس کا واقعہ پوری دہشت گردی ہے، فیصلے کے خلاف انٹرنیشنل کورٹ میں جانے کا سوچ رہا ہوں، وفاقی وزیر ریلوے

91
APP27-27 LAHORE: March 27 - Federal Minister for Railways Sheikh Rashid Ahmed addressing a press conference at Railway Headquarters. APP photo by Ch. Mubarik Ali

لاہور ۔ 27 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سمجھوتا ایکسپریس کا واقعہ پوری دہشت گردی ہے ، فیصلے کے خلاف انٹرنیشنل کورٹ میں جانے کا سوچ رہا ہوں،,نیب آرڈیننس کو تبدیل کرنے کے حق میں ووٹ نہیں دوں گا،شریف اور زرداری خاندان کا سیاست میں کوئی مستقبل نہیں ،ورکرز اور قوم کو بے وقوف بنانے کیلئے ان کے پاس الفاظ ہر وقت موجود ہوتے ہیں۔ بدھ کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی بیماریاں سن کر ترس آتا ہے، کبھی پتھری، کبھی بائی پاس ،کبھی ہائپر ٹینشن کوئی ایسی بیماری نہیں جو اقتدار سے اترنے کے بعد ان کو نہ لگی ہو۔ نوازشریف کوچھ ہفتے کی سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کے حوالے سے میڈیا کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں ایسا فیصلہ کبھی نہیں ہوا تا ہم چیف جسٹس آف پاکستان ایک ویژنری جج ہیں وہ ایسے فیصلے دے سکتے ہیں لیکن سپریم کورٹ کی طرف سے درست فیصلہ ہوا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ رائل پام سمیت ریلوے کیسز کے سلسلے میں سپریم کورٹ جا رہا ہوں، رائل پام کی انتظامیہ نے 2014ءسے ریلوے کو ایک روپیہ بھی جمع نہیں کروایا جبکہ اس کے ذمہ 3 ارب روپے واجب الادا ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ لوگ چھوٹی چھوٹی غیرت پر پھانسی کے پھندے پر چڑھ جاتے ہیں یا جرات سے جیل کاٹتے ہیں لیکن شریف برادران مسلسل قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں، ان کی بیماریاں سن کر ترس آتا ہے۔ شیخ رشید نے پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے ان کے خلاف نعرے لکھنے کے حوالے سے سوال پر کہا کہ میرے خلاف اگر نعرے لکھ کر کسی کو تسکین ہوتی ہے تو اگلی دفعہ اپنا سیلون آفر کرنے جا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فالودے ،کچوریوں والوں کو میں نے نہیں نکالاہے، معلوم ہوا ہے کہ ایک ہزار ارب روپے ادھر سے ادھر گئے لیکن یہ بات شرمناک ہے کہ چور پھر بھی وکٹری کا نشان بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اپنے کیسز میں پیسے دے سکتے ہیں کیونکہ وہ اگر پیسے بنا سکتے ہیں تو لگا بھی سکتے ہیں لیکن نوازشریف اور شہبازشریف مر جائیں گے مگر پیسے نہیں دیں گے کیونکہ ساری دنیا کو پتہ ہے کہ ان کے پیسے کہاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بڑا آئینی و قانونی مسئلہ ہے سب جانتے ہیں کہ (ن) لیگ کیوں چاہتی ہے کہ ان کے تمام کیسز لاہور میں اور پی پی پی چاہتی ہے کہ ان کے تمام کیسز کراچی میں لگیں۔ ایک سوال پر انہوںنے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا الیکشن جیتنے کیلئے پاکستان کے خلاف پلان پوری طرح ناکام ہو ا، انہوں نے ڈرامہ رچانے کیلئے پاکستان میں ایک ایسی جگہ کا انتخاب کیا کہ جہاں صرف ایک کوا زخمی ہوا، دنیا جانتی ہے کہ ہماری فضائیہ کا شمار دنیا کی بہترین فضائیہ میں ہوتا ہے ، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے مشکل صورتحال میں بھی قوم کا مورال بلند رکھا۔