متحدہ عرب امارات ، قطر اور عمان میں تیل کے نرخوں میں اضافہ

140

ابوظہبی۔ 8 اپریل (اے پی پی) محدہ عرب امارات ، قطر اور سلطنت عمان نے تیل کے نرخوں میں اضافہ کردیا۔ سعودی عرب، بحرین اور کویت نے پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں کسی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا۔ امارات میں پٹرول کے نرخوں میں فی لیٹر 19فلس کا اضافہ ہوگا۔اعلی درجے کے پٹرول کی قیمت مارچ کے دوران 2.04 درہم تھی اپریل میں اس کی قیمت 2.23 درہم کردی گئی۔ امارات میں پٹرول کے نرخ مسلسل دوسرے ماہ بڑھائے گئے ہیں۔اماراتی وزارت توانائی و صنعت ہر ماہ تیل کے عالمی نرخوں کے تناسب سے اپنے یہاں پٹرول کے نرخوں میں کمی بیشی کرتی ہے۔قطر نے مارچ کے مقابلے میں اپریل کے دوران اعلی اور عام پٹرول نیز ڈیزل کے نرخوں میں 11فیصد سے زیادہ کا اضافہ کردیا۔ قطر میں اعلی درجے کا ایک لیٹر پٹرول مارچ کے مقابلے میں 15.6فیصد مہنگا ہوگا۔ ایک لیٹر 1.85قطری ریال میں فروخت ہوگا جبکہ مار چ میں اسکی قیمت 1.60ریال تھی۔قطر میں ایک لیٹر عام پٹرول کی قیمت 16.1فیصد بڑھا دی گئی۔ مارچ میں ایک لیٹر عام پٹرول 1.55ریال تھی اب یہ 1.80ریال کردی گئی۔قطر میں ایک لیٹر ڈیزل کی قیمت مارچ میں 1.85ریال تھی اپریل میں 1.95ریال مقرر کردی گئی۔سلطنت عمان میں اعلی درجے کے ایک لیٹر پٹرول کی قیمت ماہ اپریل کے دوران 214 پیسہ کردی گئی۔