آسٹریلوی آل راؤنڈر ایلیس پیری کی فٹ نہ ہونے کے باوجود آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ فائنل میں شرکت کا امکان

آسٹریلوی آل راؤنڈر ایلیس پیری کی فٹ نہ ہونے کے باوجود آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ فائنل میں شرکت کا امکان

لندن۔2جولائی (اے پی پی):آسٹریلوی ویمن کرکٹ ٹیم کی ہیڈ کوچ شیلی نِٹشکے نے اشارہ دیا ہے کہ اتوار کو لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے جانے والے ٹی20 ورلڈ کپ فائنل کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے آل راؤنڈر ایلیس پیری کو مکمل فٹ نہ ہونے کے باوجود پلیئنگ الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ ای ایس پی این کے مطابق ایلیس پیری ویسٹ انڈیز کے خلاف اوول میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل کے دوران فٹنس مسائل کے باعث میدان سے باہر چلی گئی تھیں۔

ہیڈ کوچ نے جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ ٹیم نے سیمی فائنل کے بعد ابھی تک ٹریننگ نہیں کی، اس لئے ایلیس پیری کی فٹنس کے بارے میں کوئی حتمی اپڈیٹ نہیں ہے، تاہم انہیں امید ہے کہ وہ فائنل کے لئے دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ویمنز ورلڈ کپ کا فائنل ہے، اس لیے یہاں فٹنس کے حوالے سے فیصلہ کرنے کا معیار عام میچز سے مختلف ہوتا ہے۔

ایلیس پیری 2020 کے ٹی20 ورلڈ کپ فائنل سے بھی ہیمسٹرنگ انجری کے باعث باہر ہو گئی تھیں، تاہم موجودہ ٹورنامنٹ میں وہ 185 رنز کے ساتھ آسٹریلیا کی سب سے کامیاب بیٹر ہیں، جس میں پاکستان اور بھارت کے خلاف نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم اتوار کو ہونے والے فائنل میں انگلینڈ یا جنوبی افریقا میں سے کسی ایک کے خلاف میدان میں اترے گی۔

ہیڈ کوچ نے ٹورنامنٹ میں پوری ٹیم بالخصوص 20 سالہ لیفٹ آرم بولر لوسی ہیملٹن کی نپی تلی بولنگ کی تعریف کی، جنہوں نے وکٹ نہ لینے کے باوجود صرف 4.45 کے اکانومی ریٹ سے رنز دئیے۔

فائنل کے لئے آسٹریلوی ٹیم کو لیگ سپنر الانا کنگ کی واپسی یا موجودہ ٹیم کمبینیشن کو برقرار رکھنے کے حوالے سے بھی بڑا فیصلہ کرنا ہوگا۔ آسٹریلیا 2023 کے بعد پہلی بار کسی ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچا ہے، اور ٹیم مینجمنٹ نوجوان کھلاڑیوں کو فائنل کے دباؤ سے دور رکھ کر عام میچ کی طرح کارکردگی دہرانے کا اعتماد دے رہی ہے۔

مزید خبریں