تعلیم یافتہ بیٹیاں قوم کا فخر اور ملک کا روشن مستقبل ہیں، گورنر سندھ

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ بیٹیاں قوم کا فخر اور ملک کا روشن مستقبل ہیں

کراچی۔ 02 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ بیٹیاں قوم کا فخر اور ملک کا روشن مستقبل ہیں۔جمعرات کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات گورنر سندھ نے جناح یونیورسٹی برائے خواتین کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تاریخ سے پاکستان تک خواتین نے ہر شعبے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے،طالبات خوداعتمادی کے ساتھ اپنے پائوں پر کھڑی ہوں اور ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں۔ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ اساتذہ کا احترام، والدین کی خدمت اور اعلی کردار ہی کامیابی کی بنیاد ہے۔

کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہاکہ جناح یونیورسٹی کی طالبات اور فیکلٹی کی بہترین کارکردگی قابلِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم ریاض احمد نے اس عظیم درسگاہ کے قیام میں تاریخی کردار ادا کیا،فارغ التحصیل طالبات اپنے گھروں، معاشرے اور ملک کی بہتری میں مثبت کردار ادا کریں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان آرمی خطے میں امن و استحکام کے لیے بہترین خدمات انجام دے رہی ہے،وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا ہے۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں گولڈ میڈلز اور شیلڈز تقسیم کیں۔