پشاور۔10اپریل (اے پی پی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی ہماری منزل ہے جو جمہوریت ،بنیادی حقوق اور ہرشہری کے تحفظ کی ضامن ہے، اس مقدس دستاویزکا تحفظ اورکسی بھی قیمت پر اس کا تقدس برقراررکھنانہایت ضروری ہے۔ پاکستان کے 46 ویں یوم دستور کے موقع اسدقیصرنے اپنے ایک پیغام میں کہاکہ 46سال قبل ملک کی پہلی جمہوری طور پر منتخب ہونے والی پارلیمنٹ کے نمائندوں نے ملک کو جمہوریت ،امن و تر قی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے متفقہ طور پر آئین پاکستان کی منظوری دی جمہوری قوتوں کی ملک میں جمہوریت کی خاطر قربانیاں ناقابل فرموش ہیں ۔انہوں نے کہاکہ غیرجمہوری قوتوں کی آئین میں مداخلت کے باعث ملک میں مضبوط فیڈریشن اور جمہوری ثقافت کاخواب پورانہ ہوسکا اس طرح کے حادثات ریاست، سکیورٹی،انسانی حقوق اورترقی کےلئے نقصان دہ ثابت ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ جمہوریت کا اصل مقصد آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ہے تمام سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین پر عمل درآمد کرتے ہوئے وفاقی اکائیوں کو آئین میں دیے گئے اختیارات اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے،سپیکر قومی اسمبلی نے آئین کی بالادستی کے لئے جمہوری قوتوں کی قربانیوں کویاد کرتے ہوئے کہاکہ جمہوری قوتوں نے آئین اورجمہوریت کی بحالی کےلئے ڈکٹیٹروں کے ہاتھوں بے انتہامظالم سہے لیکن انہوں نے ہتھیارنہیں ڈالے انہوں نے ان گمنام ہیروزکو زبردست خراج عقیدت پیش کیاجنہوں نے آئین کے تقدس کو برقراررکھنے کےلئے قید وبندکی صعوبتیں جھیلیں یہاں تک کہ ان کو تختہ دار پرچڑھادیاگیا۔انہوں نے کہاکہ اس دن کی وجہ سے ہم بحثیت قوم برابری کی سطح پر اکٹھے ہیں آئین کا دن منانے کا مقصد اس کی بالادستی کو بر قرار رکھنے کے عزم کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کو اس کی اہمیت و افادیت کو اجا گر کرنا ہے۔