اسلام آباد ۔ 13 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ دھڑے بازی اور گروپ بندی کی سیاست کے خلاف ہوں، پارٹی کے اندر پارٹی بنانے کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے،سیاست کو عبادت کا درجہ دیتا ہوں۔یہ بات وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے ایک نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاست کے میدان میں اچھائی کا عنصر غالب آنا چاہیئے‘ تمام سیاسی جماعتوں کی سیاست کا محور صرف پاکستان اور قوم کی خدمت ہونا چاہیے۔غلام سرور خان نے کہا کہ انہیں اپنی مٹی سے بہت پیار ہے اور وہ تمام عمر ملک و قوم کی خدمت میں مصروف عمل رہے‘ سیاست کو ذاتی ترقی اور آسائش و آرام کا ذریعہ بنانے کا سوچا تک نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی آبائی علاقے میں رہائش پذیر ہوں۔