ٹیکنالوجی نے معیار تعلیم کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا:وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت

اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی نے معیار تعلیم کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ،تعلیم بالغاں کے پروگرام کو کامیاب بنانے میں بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی سے کام لیا جائے گا جس کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔پیر کو وہ جاز سمارٹ سکول کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ …

اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی نے معیار تعلیم کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ،تعلیم بالغاں کے پروگرام کو کامیاب بنانے میں بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی سے کام لیا جائے گا جس کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔پیر کو وہ جاز سمارٹ سکول کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت 75سکولوں کو شامل کیا گیا تھا ان سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی پروگرام کے ذریعے مختلف مضامین کی معیاری تعلیم دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ اس کے نتائج حوصلہ افزا ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ اس طرح کے مزید ادارے سامنے آئیں اور تعلیم میں اپنا حصہ ڈالیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پروگرام مستقبل میں جاری رہے گا۔شفقت محمود نے کہا کہ اس پروگرام کی زبردست چیز کھیل ہی کھیل میں بچوں کو تعلیم دینا تھا جو نہایت دلچسپ اور مو ثر ثابت ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور تعلیم کا مستقبل روشن ہے ہماری بد قسمتی ہے کہ ابھی تک ہماری شرح خواندگی 58 فیصد ہے ۔ملک کی تیز رفتار ترقی کے لئے ضروری ہے کہ شرح خواندگی میں اضافہ کیا جائے اس کے لئے تعلیم بالغاں کے پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان پروگراموں کی افادیت میں اضافے اور انہیں کامیاب بنانے کے لیئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا۔انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس جدید دور میں آپکو کہیں کمرہ جماعت کی ضرورت نہیں، ایک سمارٹ فون کے زریعے آپ کہیں بھی بیٹھ کر یہکام کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے اعلی تعلیم کے شعبہ میں بھی بہتر نتائج سامنے آئیں ہیں اور تحقیق میں مدد ملی ہے۔جاز سمارٹ سکول پروگرام 2017ء میں شروع ہوا تھا ۔ویون کے چیئرمین اور سی ای او ارسولا برنز نے اس موقع پر کہا کہ پروگرام کے حاصل کردہ نتائج سے ثابت ہوا کہ جاز اور وفاقی نظامت تعلیمات نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔نوجوانوں کا مستقبل آئی ٹی میں ہے اور مجھے اس بات کی انتہائی خوشی ہے کہ جاز سمارٹ سکول میں طلبہ کو سلیکون ویلی کے طلبہ کی طرز پر تعلیم دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو ملک بھر میں فروغ دیا جائے گا۔اس موقع پر طالبات میں ٹیبلٹ بھی تقسیم کئے گئے۔

Leave a Reply