اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے فروغ میں ہواوے کا کرداراہم ہے، یورپ اور امریکا کی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہیں،آئندہ دور ٹیکنالوجی کا ہے اور پاکستان کو دنیا کی رفتار کے ساتھ آگے بڑھنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونا ہوگا، ہمیں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے …
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین کا’’ہواوے پاکستان موبائل سمٹ‘‘ کے شرکاء سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے فروغ میں ہواوے کا کرداراہم ہے، یورپ اور امریکا کی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہیں،آئندہ دور ٹیکنالوجی کا ہے اور پاکستان کو دنیا کی رفتار کے ساتھ آگے بڑھنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونا ہوگا، ہمیں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کرنا ہے اور اپنے نوجوانوں کو سائنسی اور جدید ٹیکنالوجی پرمبنی علوم کے حصول میں سہولت دینی ہے، جدید ٹیکنالوجی پر انحصار بڑھنے سے جہاں روزمرہ معمولات آسان ہو رہے ہیں وہاں روزگار کے مواقع بھی کم ہو رہے ہیں،ٹیکنالوجی کمپنیز کو ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کے دوران نوکریوں کے بارے بھی سوچنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں’’ہواوے پاکستان موبائل سمٹ‘‘ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سرسید احمد خان نے مسلمانوں کی توجہ جدید علوم کی طرف دلائی، ہمیں جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سر سید احمد خان کی فکر پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہ ہوئے تو ہم پیچھے رہ جائیں گے اور ترقی نہیں کر سکیں گے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور چین ہمیشہ سے عظیم دوست رہے ہیں تاہم صدر شی جن پنگ کی قیادت میں ان تعلقات کے تمام محرکات میں ایک بڑی تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کہ یہ تعلقات اقتصادی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کے تعلقات میں تبدیل ہو گئے ہیں۔انہوں نے توقع ظاہر کی دونوں ملک ٹیکنالوجی کے شعبہ میں بڑی کامیابیاں حاصل کریں گے۔ وفاقی وزیر اظلاعات و نشریات نے یاد دہانی کرائی کہ 1960ء کی دہائی میں پاکستان مقامی طور پر تیار کردہ ٹرانسمیشن اور ریڈیو آلات استعمال کرتا تھا لیکن بد قسمتی سے اب ہر چیز درآمد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ میڈیا یونیورسٹی قائم کریں گے جہاں میڈیا کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے رحجان کو مد نظر رکھتے ہوئے تعلیم دی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کا عمل تیز ہو رہا ہے، ہواوے جیسی جدید کمپنیاں اس شعبے میں کام کر رہی ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ٹیکنالوجی کے دور میں رہ رہے ہیں جہاں ٹیکنالوجی کے شعبے میںآئے روز تبدیلیاں آ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی اقتصادی نمو میں اہمیت کی حامل ہے ہم ڈیجیٹل مہارتوں میں سرمایہ کاری کررہے ہیں،ٹیکنالوجی کے باعث تیز رفتار دنیا نے سب کچھ بدل کر رکھ دیا ہے، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیجیٹل پاکستان کیلئے کوشاں ہے تاکہ عالمی دنیا کے ساتھ چل سکیں۔ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے چین کے اکنامک و کمر شل قونصلر وانگ ژی ہوا اور ہواوے مڈل ایسٹ کے نائب صدر سن کائی فینگ نے بھی خطاب کیا اور ہواوے کی پاکستان اور دیگر ممالک میں حال اور مستقبل کی سرگرمیوں پر شرکاء کو بریفنگ دی۔








