انقرہ ۔ 15 اپریل (اے پی پی) پاکستان کے اعلیٰ سطحی عدالتی وفد نے 4 سے 10 اپریل تک ترکی کا دورہ کیا۔ وفد نے ترکی کے اعلیٰ حکام اور اپنے ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتیں کی اور بریفنگ میں شرکت کی۔ وفد کی قیادت شریعہ اکیڈمی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد مشتاق احمد کر رہے تھے۔ 22 رکنی وفد میں 60ویں شریعہ کورس کے شرکاءاور فیکلٹی ممبران شامل تھے۔ وفد کے دورہ کا مقصد انصاف کی فراہمی میں ترکی کے تجربات سے استفادہ کرنا اور دونوں ممالک کے عدالتی نظام کے تجربات سے ایک دوسرے کو آگاہ کرنا تھا۔ انقرہ میں قیام کے دوران وفد کو ترکی کے ججوں اور پراسیکیوٹرز سے متعلق تربیتی مرکز (ایچ ایس ای ایم) میں ترکی کے عدالتی نظام سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ وفد نے ترکی کی آئینی عدالت ”انا یاسا ماخےمیسی“، ترکی کی سپریم کورٹ آف اپیلز پراسیکیوٹرز آفس (یارگیتی)، ترکش کورٹ آف سیسیشن اور ترکی کی وزارت انصاف کا بھی دورہ کیا جہاں پر وفد کو ان کے کام کی نوعیت، کردار اور ذمہ داریوں کے متعلق آگاہ کیا گیا۔ ایچ ایس ای ایم کے صدر نے وفد کی میزبانی کی اور انہیں مختلف معاملات کے بارے میں آگاہ کیا۔ فریقین نے جوڈیشل تربیت کے شعبہ میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے، وفود کے تبادلوں میں اضافہ اور انہیں جاری رکھنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ ترکی میں پاکستان کے سفیر محمد سیریس سجاد قاضی نے پاکستان ہاﺅس ترکی میں وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ ترکی کے اعلیٰ عدالتی حکام نے بھی عشائیہ میں شرکت کی۔ مہمانوں کے ساتھ گفتگو کے دوران پاکستانی سفیر نے پاکستان اور ترکی کے درمیان طویل مدتی اور کثیر الجہتی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی وفد کے دورہ سے عدالتی تربیت کے شعبہ میں باہمی تعاون مزید فروغ پائے گا۔