وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

58

اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں انسداد بدعنوانی یونٹ کے قیام کا عمل جاری ہے۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا بنیادی مقصد سماج سے بدعنوانی کا جڑ سے خاتمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف بدعنوان لوگوں کے احتساب کے لیے لوگوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دئیے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اداروں کی خودمختاری پر یقین رکھتی ہے تاکہ وہ کسی سیاسی مداخلت کے بغیر آزادانہ طور پر اپنا کام کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے شہباز شریف کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے خاندان نے بیرون ملک سے اکاﺅنٹس میں منتقل ہونے والے پیسے سے اپنا کاروبار سیٹ کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بیرون ملک سے تقریباً 26 ملین ڈالر شریف خاندان کے اکاﺅنٹس مین منتقل کیے گئے اور شریف خاندان ان پیسوں کی منی ٹریل فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔