جوہانسبرگ ۔ 04مئی(اے پی پی) جنوبی افریقہ اور پاکستان کی ویمنز ٹیموں کے درمیان پہلا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ پیر کو پوٹ چیفسٹروم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ویمنز ٹیم ان دنوں جنوبی افریقہ میں موجود ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف تین ایک روزہ اور پانچ ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کے سلسلے میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ویمنز ٹیموں کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ پیر کو کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 9 مئی جبکہ تیسرا اور آخری میچ 12 مئی کو کھیلا جائے گا۔ ون ڈے میچز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ 15 مئی، دوسرا میچ 18 مئی ، تیسرا میچ 19 مئی، چوتھا میچ 22 مئی جبکہ پانچواں اور آخری میچ 23 مئی کو کھیلا جائے گا۔