وزیراعظم عمران خان عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی لانے کے خواہاں ہیں، ڈاکٹر نور الحق قادری

108
ریاست مدینہ جدید اسلامی فلاحی مملکت کا تصور اور اسلامی تاریخ کی اساس اور بنیاد ہے، وفاقی وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری

اسلام آباد ۔ 16 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ ماضی میں ملک کے مالیاتی نظم و نسق اور معیشت کے ساتھ ایسا برتائو کیا گیا ہے جو کسی دشمن کے ساتھ کیا جاتا ہے، وزیراعظم عمران خان عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی لانے کے خواہاں ہیں، عالمی سطح پر پاکستان کے خلا ف ایک ماحول بنا ہواہے، دشمن پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتا، میڈیا ورکرز کے تمام مسائل کے حل کے حوالے سے وہ اپنی بھرپور کوشش کریں گے۔ وہ جمعرات کو یہاں سینیٹر طلحہ محمود فائونڈیشن کی طرف سے میڈیا ورکرز میں رمضان المبارک کی مناسبت سے راشن کی تقسیم کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ طلحہ محمود ہمیشہ کار خیر میں پیش پیش رہتے ہیں ،مال دار لوگ تو بہت ہوتے ہیں جس کو دل اور سخاوت حاصل ہوتی ہو وہی یہ کام کر سکتاہے، سخاوت نصیب ہونا بھی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کراچی سے خبر تک بہت سے لوگ موجود ہیں جو خیر اور بھلائی کاسوچتے ہیں نور الحق قادری نے کہاکہ پاکستان اسلامی ممالک میں فلاحی و خیراتی کاموں میں سب سے آگے ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ میڈیا ورکرز کے مسائل اور ان کی آواز آگے پہنچائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ میڈیا ہائوسز کی روشنیاں اور چکا چونڈ اور مالکان کے چہرے کے سرخیاں میڈیا ورکرز کی مرہون منت ہیں۔ وزیر اعظم اور کابینہ کو یہ احساس ہے کہ میڈیا مالکان پر جو کٹ لگا ہے اس کا سارا دبائو میڈیا ورکرز پر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اچھے اقدامات فی الوقت کڑوے گھونٹ جیسے ہیں، اس کے اچھے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس ملک کے ساتھ بدقسمتی سے ایسا ہوا ہے کہ خطے کا خوشحال ملک جس میں ترقی کرنے کی بے پناہ استعداد موجود ہے اس کی معیشت کے ساتھ ایسا کھلواڑ کیاگیا کہ جیسا کسی دشمن کے ساتھ کیاجاتا ہے۔ اللہ کا فرمان ہے کہ ہر مشکل کے بعد آسانی ملتی ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ اللہ پاکستان کو بھی آسانیوں کے راستے پر ڈالے گا۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ورکرز ویلفیئر فنڈز کو بھی نہیں چھوڑا گیا۔اس پر بھی ہاتھ صاف کئے گئے۔ جس عمران خان کو میں جانتا ہوں اس کی نیت اور ارادوں پر کسی کوشک نہیں ہونا چاہیے۔ وزیر اعظم عمران خان اکثر یہ کہتے ہیں کہ وہ جتنے دن بھی اس منصب پر فائز ہیں ان کی وجہ سے کسی عام آدمی کی زندگی میں مثبت تبدیلی آنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف ایک ماحول بنا ہے۔ دشمن پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتے۔ ہم اپنے رب کی رحمتوں سے مایوس نہیں ہیں۔ انشاء اللہ پاکستان کو اللہ ان آزمائشوں سے جلد نکالے گا