اسلامی تعاون تنظیم کا بھارتی مظالم کے خلاف مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی عالمی برادری کے لئے پیغام ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے فوری اور موءثر کردار ادا کرے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا بھارتی مظالم کے خلاف مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی عالمی برادری کے لئے پیغام ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے فوری اور موءثر کردار ادا کرے۔ پیر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر …

اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا بھارتی مظالم کے خلاف مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی عالمی برادری کے لئے پیغام ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے فوری اور موءثر کردار ادا کرے۔ پیر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ او آئی سی نے گواہی دی ہے کہ ایل او سی پر بھارتی فوج بے گناہ شہریوں پر ممنوعہ کلسٹر ہتھیار استعمال کر رہا ہے جس کا اقوام متحدہ، امن پسند اور مہذب اقوام کو نوٹس لینا چاہئے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ او آئی سی کی مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرنا ظالم اور قانون شکن بھارت کی ایک اور شکست ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مظلوم کشمیریوں کی حمایت کے اعادہ پر او آئی سی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے ایک بار پھر دنیا کو کشمیریوں کے جائز، قانونی اور جمہوری حق کی طرف متوجہ کیا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ کشمیریوں کا قتل عام مہذب دنیا کا امتحان ہے۔ بھارت ظلم و جبر سے کشمیریوں کا استصواب رائے کا جمہوری حق کچل نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا ساتھ دے کر عالمی برادری کو جمہوریت سے اپنی وابستگی کا عملی ثابت دینا ہوگا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت پوری قوت سے جاری رکھے گا، بھارت کو یہ بات بھولنی نہیں چاہئے کہ اپنے حق پر کھڑی قوم کو کوئی بندوق، کوئی ظلم اور کوئی سازش شکست نہیں دے سکتی۔