اسلام آباد ۔ 6 اگست (اے پی پی) پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری یعقوب نے کہاہے کہ قومی ٹیم ایشین انڈر۔23 والی بال چیمپئن شپ میں شاندارکاردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ میانمار میں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قومی ٹیم قطر، بحرین اور تائیوان کے خلاف میچز جیت کر پہلے ہی چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچ چکی ہے۔ انہوں …
قومی ٹیم ایشین انڈر۔23 والی بال چیمپئن شپ میں شاندارکاردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، چوہدری یعقوب
اسلام آباد ۔ 6 اگست (اے پی پی) پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری یعقوب نے کہاہے کہ قومی ٹیم ایشین انڈر۔23 والی بال چیمپئن شپ میں شاندارکاردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ میانمار میں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قومی ٹیم قطر، بحرین اور تائیوان کے خلاف میچز جیت کر پہلے ہی چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم (آج) بدھ کو سری لنکا اور (کل) جمعرات کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔ چوہدری یعقوب نے کہاکہ ابھی تک قومی ٹیم کی چیمپئن شپ میں کارکردگی بہت بہتر ہے اور گروپ میں تینوں میچ جیت کر گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر قومی ٹیم کے کھلاڑی اسی طرح جذبے کے ساتھ متحد ہو کر سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف کھیلے تو چیمپئن شپ بھی اپنے نام کرسکتے ہیں کیونکہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے کورین کوچ کی زیر نگرانی اور پاکستانی کوچز کے ہمراہ تربیتی کیمپ میں بھر پور محنت کر رکھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرنا ہمارے اور ملک و قوم کیلئے کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ قوم کی دعائیں ہیں اور امید ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کرکے عید پر قوم کو تحفہ دیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے میانمار میں جاری ایشین انڈر۔23 والی بال چیمپئن شپ میں اپنے گروپ کے تین میچ کھیلے اور تینوں میں کامیابی حاصل کرکے پہلے ہی کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ چیمپئن شپ میں 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔ گروپ اے میں میزبان میانمار، سری لنکا، آسٹریلیا اور ہانگ کانگ، گروپ بی میں جاپان، قازقستان، سعودی عرب اور ویت نام، گروپ سی میں تائیوان، پاکستان ، قطر اور بحرین جبکہ گروپ ڈی میں تھائی لینڈ، چین، بھارت اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔









