ابوظہبی ۔ 8 اگست (اے پی پی) متحدہ عرب امارات نے جموں و کشمیر کی بدلتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس پیشرفت کا جائزہ لے رہا ہے۔ یواے ای نے تنازعہ کے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ ضبط و تحمل کا مظاہرہ کریں۔متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت برائے امور خارجہ ڈاکٹر انور بن محمد قرقاش نے کہا ہے کہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے بات چیت کا راستہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے محاذ آرائی اور کشیدگی میں اضافہ سے گریز کرتے ہوئے رابطوں اور تعمیری مذاکرات کے ذریعے اس بحران پر قابو پانے کے لئے بھارت اور پاکستان دونوں ممالک کی قیادت کی دانشمندی اور صلاحیت پر عرب امارات کے اعتماد کا اظہار کیا۔