حکومت کی پہلی ترجیح صحت کا شعبہ ہے، حالیہ مہینوں میں حکومت نے ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں اضافہ کر کے دوسرا اہم قدم اٹھایا،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا

اسلام آباد ۔ 22 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافے کی اجازت دی ہے جس پر ان کے مشکور ہیں، گریڈ 17، 18 اور 20 کے ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں 45 سے 50 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ، ینگ ڈاکٹرز کا مطالبہ تھا کہ ان کی تنخواہوں میں اضافہ …

اسلام آباد ۔ 22 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافے کی اجازت دی ہے جس پر ان کے مشکور ہیں، گریڈ 17، 18 اور 20 کے ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں 45 سے 50 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ، ینگ ڈاکٹرز کا مطالبہ تھا کہ ان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔ جمعرات کو یہاں پمز میں منعقدہ تقریب ”یوم تشکر” سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں حکومت نے ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافہ کر کے دوسرا اہم قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور وزیراعظم کی پہلی ترجیح صحت کا شعبہ ہے، 10 ستمبر تک تمام دیہی مراکز کو متحرک کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ٹی آئی سے متعلق خدشات ہمارے علم میں ہیں، اس حوالے سے ڈرافٹ تیار ہو رہا ہے جلد ہی اس پر کام مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال ہمیں ورثہ میں ملی، ہمارا وژن کلیئر ہے، جلد تبدیلی نظر آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پمز کے بون میرو شعبہ کے بارے میں جلد اہم فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں پہلی بار غریب خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ مل رہا ہے، 48 اضلاع میں صحت کارڈز فراہم کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ معذور اور غریب تارکین وطن خاندانوں کو فراہم کئے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ یرقان کے علاج کے لئے 140 ملین افراد کی سکریننگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کالے یرقان سے متاثرہ افراد کو مفت علاج معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں