بھارت مقبوضہ وادی میں مسلمانوں پر مظالم کی انتہاء کر رہا ہے جبکہ پاکستان میں ہندوئوں کو مکمل ممذہبی آزادی حاصل ہے، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی  

اسلام آباد ۔ 23 اگست (اے پی پی)پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے ''کرشنا جنم دن'' کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا۔ جمعہ کو اپنے ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر رمیش کمار نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی غرور و تکبر ترک کرکے کشمیر جیسے دیرینہ تنازعات کے پرامن حل کی تلقین کی۔انھوں نے مقبوضہ وادی …

اسلام آباد ۔ 23 اگست (اے پی پی)پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے ”کرشنا جنم دن” کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا۔ جمعہ کو اپنے ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر رمیش کمار نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی غرور و تکبر ترک کرکے کشمیر جیسے دیرینہ تنازعات کے پرامن حل کی تلقین کی۔انھوں نے مقبوضہ وادی کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں مسلمانوں پر مظالم کی انتہاء کر رہا ہے جبکہ پاکستان میں ہندوئوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی پر بھی سخت رنج و غم کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں مسلمانوں کو عید کی نماز تک ادا نہیں کرنے دی گئی، عالمی برادری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے کہا کہ 24 اگست کو پنجاب کے علاقہ رحیم یار خان کے شہر صادق آباد میں ہزاروں محب وطن پاکستانی ہندو کرشنا جنم دن کا مقدس تہوار مناتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کیلئے خصوصی پراتنا، دعائیں بھی مانگیں گے۔ ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے کہا کہ اگلے مرحلہ میں خیبرپختونخوا، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں بھی پاکستانی ہندو کمیونٹی مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں تقریبات منعقد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معمولی ایشوز کو اچھالنے والی انسانی حقوق کی تنظیمیں اور عالمی برادری اچھی طرح جان لے کہ پاکستان میں غیر مسلم اقلیتوں کو اپنے مذہبی تہوار منانے کی مکمل آزادی میسر ہے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بیرون ممالک مقیم پاکستانی ہندو کمیونٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ بھارت کی متعصب حکومت کا اصلی چہرہ دنیا کے سامنے لانے کیلئے سفارتی محاذ پر حکومت پاکستان کا بھرپور ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن اور خطہ کی ترقی و خوشحالی کیلئے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ناگزیر ہے۔

مزید خبریں