اسلام آباد ۔ 28 اگست (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کا آٹھواں اجلاس بدھ کو وزارت خارجہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطہ میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے مسلمانوں کو بھارتی بربریت سے نجات دلانے کےلئے ہر فورم پر جانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس میں سابق سفرائ، سابق خارجہ سیکرٹریز، ماہرینِ بین الاقوامی امور اور دیگر اراکین مشاورتی کونسل نے شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے مشاورتی کونسل کے اراکین کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام پر ڈھائے جانے والے بھارتی ظلم و ستم کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے اہم علاقائی اور بین الاقوامی دنیا کے ساتھ ہونے والے وزراءخارجہ اور دیگر عالمی رہنماﺅں سے اپنے حالیہ روابط کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔