اسلام آباد ۔ 28 اگست (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آذربائیجان کے وزیر خارجہ ایلمار مامد یارووف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب کو آگاہ کیا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ کئی دہائیوں سے سات لاکھ بھارتی فوج کی تعیناتی کے باوجود مزید ایک لاکھ 80 ہزار سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے درپے ہے۔