چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے سعودی عرب کے 18 رکنی پارلیمانی وفد کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 6 ستمبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر مسلم امہ کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار نے انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا ہے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر اخلاقی طور پر مقبوضہ کشمیر کی آئینی …

اسلام آباد ۔ 6 ستمبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر مسلم امہ کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار نے انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا ہے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر اخلاقی طور پر مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت میں تبدیلی کی۔ چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار سعودی عرب کے 18 رکنی پارلیمانی وفد سے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت سعودی عرب کے نائب وزیر برائے توانائی، صنعت و معدنی وسائل خالد صالح المضیفر کر رہے تھے ۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں جس کی بنیاد مشترکہ مذہبی ، تاریخی، ثقافتی اور سماجی مماثلتوں پر ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے پاکستان سعودی عرب تعاون کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کےلئے وسیع گنجائش موجود ہے اور سعودی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے دفاعی شعبوں میں تعاون کو بھی انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں نے دفاع کے شعبے میں تعاون کےلئے مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط بھی کیے ہوئے ہیں جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔