اسلام آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کے لئے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،اقتصادی زونز کی تکمیل سے کاروباری برادری کو سہولیات میسر ہونگی، معاشی سرگرمیاں تیز ہونے سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوگی بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ بدھ کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں قائم کیے جانے والے خصوصی اقتصادی زونز میں اب تک پیش رفت پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں وزیرِ توانائی عمرایوب، مشیر تجارت عبدالرزاق داو¿د، وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان، معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی یوسف بیگ مرزا، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی، صوبائی وزیرِ صنعت پنجاب میاں محمد اسلم و دیگر سینئر افسران شریک نے شرکت کی ۔وزیرِ اعظم عمران خان کو صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخواہ میں قائم ہونے والے مختلف اقتصادی زونزکے حوالے سے اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔