اسلام آباد ۔ 15 ستمبر (اے پی پی) جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں” آن لائن موبائل فوڈ سروس” کے کاروبار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس سے پڑھے لکھے نوجوان ماہانہ پر کشش آمدنی حاصل کررہے ہیں۔مقامی موبائل فوڈ کے مالک دانش نے اتوار کو” اے پی پی” سے خصوصی گفتگوکے دوران بتایا کہ وہ ماہانہ پر کشش آمدنی کما رہا ہے کیونکہ وہ صارفین کو گھر کے تیار شدہ صحت مند اور ذائقہ دار کھانے فراہم کرتا ہے جس سے آئے اس کے کسٹمرز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس نے کہا کہ جب کاروبار کا آغاز کیا اور کھانوں کے معیار پر خصوصی توجہ دی تو کسٹمرز نے اسے بھر پور انداز میں سراہا جس سے اس کے کاروبار میں اضافہ ہوتا گیا۔دانش نے کہا کہ وہ ماہانہ پچاس ہزار روپے سے زائد کما لیتا ہے جس سے اس کے اہل خانہ کی ضروریات و اخراجات با آسانی پورے ہوتے ہیں۔اس نے پڑھے لکھے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا کاروبار شروع کرکے پر کشش آمدن حاصل کرسکے ہیں۔ اسی طرح ایک اور موبائل فوڈز کے مالک نبیل ارشد نے بتایا کہ میرے کاروبار نے مجھے خود کفیل بنادیا ہے۔اس کا کہنا تھا کہ وہ اسلام آباد کے مختلف دفاتر میں گھر کے تیار شدہ خوش ذائقہ اور معیاری کھانے فراہم کررہا ہے جن کی قیمت مناسب ہونے کی وجہ سے ہر گزرتے دن اس کے کاروبار میں اضافہ ہورہا ہے۔اس نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ روزگار نہ ملنے کی وجہ سے پریشان ہونے کے بجائے مارکیٹ میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور موبائل فوڈز کے کاروبار سے باعزت طریقے سے پیسے کما سکتے ہیں۔