وفاقی وزیر بجلی و پٹرولیم عمر ایوب خان کی پاکستان میں جاپان کے سفیر کونی نوری مٹسوڈا سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 17 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر بجلی و پٹرولیم عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے توانائی کے شعبے میں بہتری آ رہی ہے، پاکستان میں اس شعبہ میں سرمایہ کاری بڑھانے کے خواہاں ہیں، 24 سے 26 ستمبر تک جاپان میں منعقد ہونے والی توانائی کانفرنس میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔ انہوں …

اسلام آباد ۔ 17 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر بجلی و پٹرولیم عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے توانائی کے شعبے میں بہتری آ رہی ہے، پاکستان میں اس شعبہ میں سرمایہ کاری بڑھانے کے خواہاں ہیں، 24 سے 26 ستمبر تک جاپان میں منعقد ہونے والی توانائی کانفرنس میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں پاکستان میں جاپان کے سفیر کونی نوری مٹسوڈا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں نے جس طرح پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، اس کو مدنظر رکھتے ہوئے وہ خود توانائی کانفرنس میں پاکستان کے وفد کی قیادت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئی قابل تجدید پالیسی کا مقصد 2030ءتک انرجی مکس میں قابل تجدید توانائی کا حصہ 30 فیصد تک بڑھانا ہے، اس سے اس شعبے میں اچھے منافع کے ساتھ سرمایہ کاری کے بھی نئے راستے کھلیں گے۔ جاپان کے سفیر نے کہا کہ جاپانی کمپنیاں ان کے دورے کی منتظر ہیں اور جاپانی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔