وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نیویارک میں وزیراعظم عمران خان کی عالمی تنظیموں اور رہنماﺅں سے ملاقاتوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو

نیویارک ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں وزیراعظم عمران خان کی مختلف عالمی تنظیموں اور رہنماﺅں سے ملاقاتوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں تعلیم کے لئے کام کرنے والی تنظیم کے نمائندوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی ہے اور پاکستان میں تعلیم بالخصوص معیاری تعلیم پر تعاون کی پیشکش کی ہے، انہوں نے ٹیکس کے نظام میں اصلاحات …

نیویارک ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں وزیراعظم عمران خان کی مختلف عالمی تنظیموں اور رہنماﺅں سے ملاقاتوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں تعلیم کے لئے کام کرنے والی تنظیم کے نمائندوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی ہے اور پاکستان میں تعلیم بالخصوص معیاری تعلیم پر تعاون کی پیشکش کی ہے، انہوں نے ٹیکس کے نظام میں اصلاحات پر بھی بات کی ہے جو کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس حوالے سے کہ ٹیکس نظام کو کس طرح بہتر بنایا جائے اور اس میں کرپشن کے اثرات کو کیسے کم کیا جائے ان کے ماہرین پاکستان آئیں گے اور ہمیں مفید تجاویز دیں گے تاکہ اس عمل میں بہتری لائی جاسکے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ آج دوسری میٹنگ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل ٹومی نائیڈو سے ہوئی ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو اجاگر کرنے کے لئے ایمنسٹی کے کردار سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی اس حوالے سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل ایک نمایاں تنظیم ہے اور ہندوستان میں اس کی ایک شاخ بھی کام کر رہی ہے جس نے بھارتی ہٹ دھرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے اپنی رپورٹ بھی بھجوائی ہے جس میں انہوں نے ذکر کیا ہے کہ انہیں کام کرنے میں کتنی مشکلات اور دقت کا سامنا ہے‘ ہمارے اکاﺅنٹس منجمد کردیئے گئے ہیں اور ہمیں رسائی نہیں دی جارہی، ہمیں اپنے کام کو جاری رکھنے کے لئے آئے دن عدالتوں کا سہارا لینا پڑتا ہے تاکہ ہم اپنا کام جاری رکھ سکیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہیومن رائٹس واچ‘ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور دیگر تنظیمیں جو مقبوضہ کشمیرکے حالات پر کام کر رہی ہیں اور وہاں کے زمینی حقائق سے دنیا کو آگاہ کر رہی ہیں کی کوششوں کو بھی وزیراعظم نے سراہا ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ اپنی کوششوں کو جاری رکھیں اور کشمیریوں کی آواز کو ہر سطح تک پہنچائیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگلی نشست افغانستان میں امریکی خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد سے ہوئی ہے اور انہوں نے آگاہ کیا کہ ان کی طالبان کے ساتھ بات چیت کس حد تک آگے گئی اور اس کی کیا نوعیت تھی اور آئندہ انہیں کیا امکانات دکھائی دیتے ہیں۔

مزید خبریں