چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کی زلزے کے بعد ریسکیو و ریلیف بارے میڈیا کو بریفنگ

اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ زلزلہ سے 10 افراد کے جاں بحق اور 100 کے قریب زخمی ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے، آزاد کشمیر کے میرپور شہر اور جاتلاں کے علاقے میں زیادہ نقصان ہوا ہے، منگلا ڈیم متاثر نہیں ہوا، این ڈی ایم اے اور فوج کی …

اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ زلزلہ سے 10 افراد کے جاں بحق اور 100 کے قریب زخمی ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے، آزاد کشمیر کے میرپور شہر اور جاتلاں کے علاقے میں زیادہ نقصان ہوا ہے، منگلا ڈیم متاثر نہیں ہوا، این ڈی ایم اے اور فوج کی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہنچ گئیں، 200 خیمے، 800 کمبل، غذائی اشیاءاور ادویات متاثرہ علاقوں میں بھیجنا شروع کر دی ہیں، یہ اتنا بڑا بحران نہیں کہ عام لوگوں سے امداد کی اپیل کی جائے، اداروں کے پاس وسائل موجود ہیں۔ وہ منگل کو یہاں زلزلہ سے ہونے والے نقصانات اور ریسکیو و ریلیف کے کام کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ منگل کی سہ پہر تقریباً چار بجے کے قریب 5.8 شدت کا زلزلہ آیا جس کے جھٹکے بالائی علاقوں میں محسوس کئے گئے، زلزلے سے سب سے زیادہ میرپور شہر اور جاتلاں کا علاقہ متاثر ہوا جبکہ جہلم بھی جزوی طور پر متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بھمبر کے دور دراز دیہات میں نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں تاہم اب تک زلزلے سے مجموعی طور پر 10 اموات کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 100 کے قریب افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زلزلے سے منگلا تا جاتلاں شاہراہ کے علاوہ تین بڑے پلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے اسی طرح مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کی تفصیلات ابھی موصول ہو رہی ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ زلزلہ سے منگلا ڈیم متاثر نہیں ہوا، ٹربائن کا آپریشن پانی گدلا ہونے کے بعد تکنیکی وجہ سے بند کیا گیا ہے، ڈیم سے پانی کو کنٹرولڈ طریقے سے خارج کیا جا رہا ہے جو 50 ہزار کیوسک سے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے اور مسلح افواج کے زمینی دستے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لئے پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، ضلعی انتظامیہ اور ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ادارے کی ٹیمیں بھی موجود ہیں، این ڈی ایم اے کی طرف سے خیمے، کمبل، غذائی اشیاءاور ادویات کی کھیپ متاثرہ علاقوں میں پہنچائی جا رہی ہیں۔ آئندہ دو روز میں متاثرہ علاقوں میں بارش کے امکانات کے پیش نظر بروقت امدادی سامان فراہم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کی پی ڈی ایم اے کی جانب سے بھی ریسکیو ٹیمیں بھیجی گئی ہیں جبکہ پاک فوج کی سرچ اور ریسکیو ٹیم بھی روانہ ہو رہی ہے۔

مزید خبریں