صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ویمن چیمبرز آف کامرس کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 25 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کام کرنے والی خواتین کو دوہری ذمہ داریاں نبھانا ہوتی ہیں، خواتین کی معاشی خود مختاری کیلئے ان کے حق وراثت کو یقینی بنانا ضروری ہے، ملکی معیشت کی ترقی کیلئے خواتین کی خوشحالی انتہائی اہم ہے، اس سلسلہ میں عوام میں آگاہی پیدا کرنا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے …

اسلام آباد ۔ 25 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کام کرنے والی خواتین کو دوہری ذمہ داریاں نبھانا ہوتی ہیں، خواتین کی معاشی خود مختاری کیلئے ان کے حق وراثت کو یقینی بنانا ضروری ہے، ملکی معیشت کی ترقی کیلئے خواتین کی خوشحالی انتہائی اہم ہے، اس سلسلہ میں عوام میں آگاہی پیدا کرنا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی ویمن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے رکن قومی اسمبلی ساجدہ ذوالفقار کی قیادت میں بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کو مالیاتی وسائل تک رسائی فراہم کرنے کا یقینی راستہ انہیں وراثت میں حق دینا ہے کیونکہ عام طور پر انہیں اس حق سے محروم رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دور ٹیکنالوجی کا دور ہے جس کے نتیجہ میں کاروبار کیلئے گھروں سے باہر جانا ضروری نہیں رہا، خواتین ٹیکنالوجی کی بدولت اپنی مصنوعات کو آن لائن فروغ دے سکتی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی مجموعی معاشی بہتری کیلئے ہر شعبہ میں خواتین کو بااختیار بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ ملک کی آبادی کا بڑا حصہ خواتین پر مشتمل ہے۔ صدر مملکت نے خواتین کے کام کرنے کی راہ میں حائل سماجی رکاوٹوں کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس حوالہ سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، بااختیار خواتین کو معاشرہ کی محروم خواتین کا ساتھ دینا چاہئے، اس حوالہ سے انہوں نے وفد کی ارکان کو ویمن پارلیمنٹیری کاکس کے ذریعے خواتین ارکان پارلیمنٹ کو ساتھ شامل کرنے کا مشورہ دیا۔

مزید خبریں