میرپورجاتلاں ۔ 25 ستمبر (اے پی پی)آزاد کشمیر کے زلزلہ سے متاثرہ میرپور ضلع کے علاقہ جاتلاں میں زلزلہ سے سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے جہاں کے مضافات کے 12 گاوں متاثر ہوئے جبکہ جاتلاں کو جانے والی اپر جہلم کے ساتھ شاہراہ مکمل تباہ ہوگئی۔ جاتلاں بازار، سانگ، سموال شریف، چیچیاں چوہان سمیت کئی علاقوں میں گھروں کو شدید نقصان پہنچا، پاک فوج اور امدادی اداروں کی جانب …
آزاد کشمیر کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں جانی ومالی نقصان کے حوالے سے ”اے پی پی“ رپورٹنگ ٹیم کی رپورٹ

مزید خبریں
میرپورجاتلاں ۔ 25 ستمبر (اے پی پی)آزاد کشمیر کے زلزلہ سے متاثرہ میرپور ضلع کے علاقہ جاتلاں میں زلزلہ سے سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے جہاں کے مضافات کے 12 گاوں متاثر ہوئے جبکہ جاتلاں کو جانے والی اپر جہلم کے ساتھ شاہراہ مکمل تباہ ہوگئی۔ جاتلاں بازار، سانگ، سموال شریف، چیچیاں چوہان سمیت کئی علاقوں میں گھروں کو شدید نقصان پہنچا، پاک فوج اور امدادی اداروں کی جانب ریسکیو اور ریلیف کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ علاقہ کے دورہ پر گئی ”اے پی پی“ کی ٹیم کے مطابق آزاد کشمیر محکمہ برقیات کی جانب سے جاتلاں میں بجلی کی بحالی کے لئے ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔ میرپور میں بجلی گزشتہ رات ہی بحال کردی گئی تھی۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان اپنی کابینہ کے ہمراہ امدادی سرگرمیوں کے جائزہ کے لئے متاثرہ علاقوں میں موجود رہے۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان بھی متاثرہ علاقوں کے دورے پر گئے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر اور سردار عتیق احمد خان نے اکھٹے ڈی ایچ کیو ہسپتال جاکر زخمیوں کی عیادت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور چئیرمین این ڈی ایم اے نے بھی متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ الخدمت فاونڈیشن کی جانب سے جاتلاں اور پل منڈا میں ریلیف کیمپ قائم کئے گئے۔ الخدمت فاﺅنڈیشن کے ذمہ دار ڈاکٹر ایوب مسلم نے بتایا کہ ہم نے موہڑا ککری میں متاثرین کو دن کا کھانا تقسیم کیا ہے اور رات کا کھانا بھی فراہم کریں گے۔ ایدھی فاﺅنڈیشن کی جانب سے بھی جاتلاں میں کیمپ لگایا گیا ہے اور ایمبولنس سروس الرٹ ہے۔ 1122 میرپور کی جانب سے بھی امدادی کاموں میں بھرپور حصہ لیا گیا۔ جاتلاں کے رہائشی عدنان نے بتایا کہ ریسکیو اور بحالی کا کام پاک فوج نے بھرپور انداز میں کیا جبکہ محکمہ برقیات کی جانب سے بھی بجلی کی بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گئے۔ سانگ میں فوج کی مشینری راستے بحال کرنے میں مصروف ہے۔ ہیلی کاپٹروں سے بھی ریلیف کا کام لیا جا رہا ہے۔ سانگ کے 10 سے 12 دیہات زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ سانگ کے گاﺅں میں کچے مکانات زیادہ تباہ ہوئے ہیں۔ جاتلاں کمیونٹی ہسپتال کے عملہ نے ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے لئے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ پل منڈا برج کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ نہر اپر جہلم مختلف مقامات پر شگاف پڑنے پر بند کردی گئی تھی۔ متاثرہ علاقوں میں این ڈی ایم اے اور میرپور انتظامیہ کی جانب سے متاثرین میں خیمے اور امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔ غیرسرکاری امدادی اداروں کی جانب سے بھی ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔







