صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا چین کے قیام کے 70 سال مکمل ہونے کے حوالے سے تقریبات کے سلسلے میں عشائیہ سے خطاب

اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین قابل اعتماد دوست ہیں، دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافے کے ذریعے تاریخی دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کر رہے ہیں، دونوں ممالک مل کر آگے بڑھیں گے۔ وہ جمعرات کو چینی سفارتخانہ میں عوامی جمہوریہ چین کے قیام کے 70 سال مکمل ہونے کے حوالے سے تقریبات کے …

اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین قابل اعتماد دوست ہیں، دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافے کے ذریعے تاریخی دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کر رہے ہیں، دونوں ممالک مل کر آگے بڑھیں گے۔ وہ جمعرات کو چینی سفارتخانہ میں عوامی جمہوریہ چین کے قیام کے 70 سال مکمل ہونے کے حوالے سے تقریبات کے سلسلے میں چینی سفیر کی جانب سے دیئے گئے عشایئے سے خطاب کر رہے تھے۔ عشائیہ میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وفاقی وزرائ، ارکان پارلیمنٹ، سفارتکاروں، سینئر سول و فوجی افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا دوسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے، پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں تنازعہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت پر چین کا شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا حقیقی اور قابل اعتماد دوست ہے اور اس نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ پاکستان اور چین کے عام لوگوں سے بات کرتے ہیں تو انہیں محسوس ہوتا ہے کہ پاک چین دوستی سمندروں سے گہری اور پہاڑوں سے بلند ہے۔ صدر مملکت نے گزشتہ 30 سال کے دوران چین کی دانشمندانہ سیاسی و معاشی پالیسیوں کے ذریعے سماجی و اقتصادی ترقی بالخصوص 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالنے کو سراہا اور اس حقیقت کو وزیراعظم عمران خان نے بھی امریکہ میں اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کو غربت کے خاتمے اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے چین کے تجربات سے سیکھنا چاہیے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 11 قراردادوں پر عملدرآمد کے ذریعے اس تنازعہ کے حل کے لئے تعاون کریں۔

مزید خبریں