ساﺅتھمٹن ۔ 21 اگست (اے پی پی) پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 24 اگست کو ساﺅتھمٹن میں کھیلا جائے گا، سیریز میں آزمائشی طور پر تھرڈ ایمپائر فرنٹ فٹ نوبالز دے گا۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر رہی تھی۔ ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد پاکستانی ٹیم نے آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز 1-0 سے جیتی تھی اور گرین شرٹس اب انگلش ٹیم کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ پاک انگلینڈ ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 24 اگست کو ساﺅتھمٹن میں کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 27 اگست، تیسرا میچ 30 اگست، چوتھا میچ یکم ستمبر جبکہ پانچواں اور آخری میچ 4 ستمبر کو کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان واحد ٹی ٹونٹی میچ 7 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔