وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا سیالکوٹ میں صحت انصاف کارڈ کے اجراءکی تقریب سے خطاب

114

سیالکوٹ ۔ 6 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہم مظلوم کشمیریوں کی جنگ لڑتے رہیں گے، سیالکوٹ کے لوگ وزیراعظم عمران خان کے سفیر اور وکیل بن کر کشمیریوں کی آواز بنتے رہیں گے، ورکنگ باﺅنڈری پر سینہ تان کر بھارت کے ہر حملے کا بھرپور جواب دیتے رہیں گے، دسمبر 2019ءمیں ملک میں غربت کا سروے دوبارہ مکمل ہو گا جس کے بعد مزید لوگوں کو صحت انصاف کارڈ دئیے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کو خوشحال بنانے کے لئے پرعزم ہیں، صحت انصاف کارڈ وزیراعظم کے غریبوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے وعدے کی تکمیل ہے، ڈیڑھ کروڑ لوگوں کو صحت انصاف کارڈ دیا جائے گا۔ اتوار کو سیالکوٹ میں صحت انصاف کارڈ کے اجراءکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے لوگوں کی مشکلات کے ازالہ کے لئے صحت کارڈ کے اجراءکا جو فیصلہ کیا ہے اس سے نہ صرف سیالکوٹ بلکہ پورے پاکستان میں سماجی انقلاب برپا ہو گا۔ سیالکوٹ میں صحت انصاف کارڈ کا اجراءکر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کو ملک کے عوام کا درد اور احساس ہے،صحت انصاف کارڈ سے صحت کے شعبے میں انقلاب برپا ہو گا،احساس پروگرام کے تحت صحت کارڈ دینے کا سلسلہ جاری ہے،آئندہ ڈیڑھ سال میں 2کروڑ افراد صحت کارڈ سے مستفید ہونگے۔