وزیر اعظم کے کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے قرضے کے حصول کے لئے تین دن میں2 لاکھ درخواستیں موصول

اسلام آباد ۔ 21 اکتوبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے قرضے کے حصول کے لئے گزشتہ تین روز کے دوران 2 لاکھ کے قریب آن لائن درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کامیاب جوان پروگرام کے افتتاح کے بعد اب تک قرضوں کے حصول کے لئے 2 لاکھ کے قریب نوجوانوں نے …

اسلام آباد ۔ 21 اکتوبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے قرضے کے حصول کے لئے گزشتہ تین روز کے دوران 2 لاکھ کے قریب آن لائن درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کامیاب جوان پروگرام کے افتتاح کے بعد اب تک قرضوں کے حصول کے لئے 2 لاکھ کے قریب نوجوانوں نے کم شرح سود پر قرضے کے حصول کے لئے درخواستیں دی ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو برسر روزگار بنا کر اپنے پائوں پر کھڑا کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس پروگرام کے تحت باصلاحیت نوجوان انٹرپرینورز کو کاروبار کے لئے آسان قرضوں کی فراہمی کے لئے روزگار کے 10 لاکھ مواقع پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پہلے درجے میں چھوٹے کاروبار کے لئے ایک لاکھ سے 5 لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں جن پر 6 فیصد شرح سود ہو گی۔ دوسرے درجے میں 5 لاکھ سے50 لاکھ روپے کے قرضے شامل ہیں۔ ان پر شرح سود 8 فیصد ہے۔ یہ قرضے 8 سال کی مدت میں فراہم کئے جا رہے ہیں جس میں پہلاسال رعایتی مدت کے طورپر تصور کیا جائے گا۔ اسی طرح 10 ہزار سے ایک لاکھ کے قرضے بلا سود فراہم کئے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق www.kamyabjawan.gov.pk کے ذریعے قرضوں کی فراہمی کے لئے نوجوانوں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ نوجوان قرضوں اور دیگر معلومات کے حصول کے لئے اس ویب سائٹ کا وزٹ کرسکتے ہیں۔